پی ٹی وی پر اپوزیشن کو کوریج نہ دینے کے اعلان کی مذمت

288

لاہور(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر نے پاکستان ٹیلی وژن کے چیئرمین نعیم بخاری کی جانب سے پی ٹی وی پر اپوزیشن کی کوریج نہ کرنے کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پی ٹی وی ایک قومی ادارہ ہے اس پر قومی جماعتوں کی سرگرمیوں اور نقطہ نظر کو پیش کرنے سے انکار کرنا آئین پاکستان اور قانون کی توہین کرنے
کے مترادف ہے ۔محمد اصغر نے کہاکہ نعیم بخاری نے ماضی میں پرویز مشرف کو خدا لکھا اور اعلیٰ عدلیہ کو مفلوج کرا کے ملک کو آئینی بحران میں مبتلا کیا ۔ اب وہ حکومت کی مخالفانہ رائے کے ابلاغ کی مخالفت کر کے جمہوریت کا جنازہ نکالنے لگے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایک ایسا شخص جو صرف وکیل اور اینکر پرسن رہا ہو ، اس کے تجربے کو براڈ کاسٹنگ کا تجربہ قرار دے کر ریاست کے ایک اہم ستون پر متمکن کرنا موجودہ حکومت کی متعصبانہ پالیسی کی دلیل ہے جس کا مقصد آمریت کو فروغ دینا ہے ۔ محمد اصغر نے کہاکہ ہم حکومت کو مشورہ دیتے ہیں کہ 75 سالہ نعیم بخاری کو پہلے کسی اکیڈمی میں تربیت دی جائے تاکہ وہ کسی پارٹی کے مفادات کے بجائے قومی مفاد ات کی نگہبانی کریں ۔