علما مشائخ نے درگاہوںکی بندش کے فیصلے کو مسترد کردیا

156

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ملک بھر کے علما مشائخ کی نمائندہ تنظیم علما مشائخ فیڈریشن آف پاکستان کے مجلس عاملہ کے اجلاس میںسندھ بھر میں محکمہ اوقاف کی جانب سے درگاہوں اور خانقاہوں کی بندش کے فیصلے کو مسترد کردیا ہے۔ اجلاس میں انتظامیہ کی جانب سے 17 مساجد شہید کرنے کے ا قدامات پر شدید احتجاج کیا گیا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے کور کمانڈر کانفرنس سے خطاب کی مکمل تائید و حمایت کرتے ہوئے اسے قوم کی ترجمانی قرار دیا گیا ہے۔ اجلاس میں وفاق المدارس کی جانب سے بغیر مشاورت کے مدرسے بند کرنے کی مذمت کرتے ہوئے وفاق المدارس کے اعلان کی حمایت کرتے ہوئے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ علما مشائخ فیڈریشن پاکستان کی مجلس عاملہ کا اجلاس زیر صدارت چیئرمین سفیر امن پیر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی مرشدی سجادہ نشین آستانہ عالیہ بھیج پیر جٹا منعقد ہوا۔ اجلاس میں حاجرہ بی بی حقانی سجادہ نشین دربار حقانیہ، پیر غلام غوث محی الدین جانی شاہ، پروفیسر ڈاکٹر جلال الدین نوری، امداد لاشاری، پروفیسر ڈاکٹر علامہ محمود عالم آسی خرم، پروفسر ڈاکٹر علامہ عبدالصمد نقشبندی، خلیفہ سید مسرور حسین ہاشمی خانی، خلیفہ افضل وارثی، خلیفہ مجتبیٰ حسنین حقانی، پروفیسر ڈاکٹر علامہ سعید احمد، مفتی فیض الہادی، پیر عبدالغنی سہروردی، سید معین الدین شاہ، پیر محمد احمد چشتی، صاحبزاہ کامران سرفراز چشتی، پیر غلام مدنی احمد مہران گورایا ایڈووکیٹ، ندیم شہزاد اور دیگر شریک تھے۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی، داخلی اور خارجی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور ملک کے موجودہ حالات کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے ملک بھر کے علما و مشائخ کی جانب سے گزشتہ روز کور کمانڈرز کانفرنس سے پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کے خطاب کی مکمل حمایت و تائید کا اعلان کرتے ہوئے خطاب کو قوم کی امنگوں اور خواہشات کا ترجمان قرار دیا ہے۔ اجلاس میں سندھ بھر میں کورونا کی آڑ میں درگاہوں اور خانقاہوں کی بندش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شادی ہال، تھیٹرز، سینما، گروسری اسٹورز، مارکیٹں، شاپنگ مالز، ہوٹل ریسٹورنٹ جب کھلے ہیں تو پھر درگاہوں اور خانقاہوں کی بندش چہ معنی دارد! درگاہیں اور خانقاہیں تو امن و سلامتی کا ذریعہ ہیں، جہاں پر عقیدت مند اور عوام آکر فیوض و برکات سے مستفید ہوتے ہیں۔ حکومت سندھ کے محکمہ اوقاف نے درگاہوں کی بندش کا نوٹیفکیشن علما مشائخ کی مشاورت کے بغیر جاری کیا ہے، جسے ملک بھر کے علما و مشائخ کو مسترد کرتے ہیں، محکمہ اوقاف سندھ کی جانب سے درگاہ اور خانقاہوں کو بند کرکے عوام کو فیوض و برکات سے محروم کرنے کا عمل عوام کسی طور قبول نہیں کرتے، لہٰذا ملک بھر کے علما مشائخ مطالبہ کرتے ہیں کہ جیسے مارکیٹ بازار شادی ہالز ہوٹلز ایس او پی کے تحت کھل رہے ہیں، ایسے ہی درگاہوں اور خانقاہوں کو ایس او پی کے تحت کھلا رہنے دیا جائے۔