حیدرآباد ،ای او بی آئی کے پنشنر عدم ادائیگی پر پریس کلب پہنچ گئے

89

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ای او بی آئی کے بزرگ پنشنرز اور بیوہ خواتین اپنے حق کے پریس کلب پہنچ گئے، افسران کی جانب سے بلا جواز تنگ کیا جارہا ہے، کئی کئی سال کے کلیم کی منظوری التوا کا شکار ہے۔ ایمپلائز اولڈ ایج پنشن کلیم ایکشن کمیٹی کی جانب سے حیدر آباد کے ریٹائرڈ اور فوتی ملازمین کی بیوائوں کو پنشن نہ ملنے کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور بھوک ہڑتال کی گئی۔ اس موقع پر غلام رسول، بابو احمد، محمد اسلم، محمد اظہر ودیگر نے کہا کہ ہم غریبوں کو پنشن نہیں مل رہی، جس کے باعث سخت فاقہ کشی کا شکار ہیں۔ ریٹائرڈ بزرگ ملازمین اور بیوہ خواتین روزانہ دفاتر کے چکر کاٹ رہے ہیں جبکہ محکمے کے ای او بی آئی افسران کوئی شنوائی نہیںکررہے۔ انہوں نے کہا کہ ای او بی آئی حیدر آباد اور کوٹری ریجن کی جانب سے پنشن کلیم کی منظوری میں غیر ضروری اور طویل تاخیر کی جارہی ہے ۔ بوڑھوں، بیواؤں اور یتیم بچوں کو کلیم فارم کے اجرا سے انکاری ہیں جبکہ بزرگ اور بیوہ خواتین کو دفتر کے چکر لگانے پر مجبور کیا جارہا ہے، کسی بھی معاشرے میں بزرگوں اور بیوہ خواتین کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کو غیر ضروری اخراجات برداشت کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ حیدر آباد وکوٹری ریجن کی جانب سے مسترد کیے گئے کلیم کے فیصلے کیخلاف قانون کے مطابق ای او بی آئی کے حکام بالا کے روبرو داخل پٹیشنز کی تین، چار سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود شنوائی نہ کرنا چیئرمین ای او بی آئی سمیت حکام بالا کی بے حسی مزدور دشمنی ہے۔ انہوں نے حکمرانوں اور ای او بی آئی کے ذمے داران کو متنبہ کیا کہ وہ بزرگوں، یتیموں اور بیوہ عورتوں کی بدعائیں نہ لیں، فوری انصاف فراہم کریں، شدید سردی کے باوجود معمر حضرات اور خواتین نے بھوک ہڑتال اور احتجاج میں شرکت کی۔