مسئلہ فلسطین کے حل تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کریںگے‘دفتر خارجہ

150

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) ترجمان دفتر خارجہ حفیظ چودھری نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے حل تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کریںگے‘ افغانستان میں قید پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ خوش آئندہے‘ جدہ کے پیٹرولیم ٹرمینل پر میزائل حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ حفیظ چودھری نے پاکستان کی جانب سے ممکنہ طور پر اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق بے بنیاد قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے دو ٹوک انداز میں واضح کر دیا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے حل تک پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا‘ پاکستان مستقل طور پر فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرتا ہے‘ مشرق وسطیٰ میں پائیدار اور دیرپا امن کے لیے1967ء سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ، اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق اور القدس شریف کے دارالحکومت کے طور پر مسئلہ فلسطین کا 2 ریاستی حل ناگزیر ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے غیر قانونی آبادیاتی تبدیلیوں سمیت مقبوضہ کشمیر کی سنگین اور تازہ صورتحال سے آگاہ کرنیکے لییاقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر اور سیکرٹری جنرل کو ایک خط بھیج دیا ہے۔ بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے اپنے خط میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا ہے جس سے بھارت کی جانب سے امن اور سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔ خط میں خاص طور پر مقبوضہ علاقے میں ہونے والی غیرقانونی آبادیاتی تبدیلیوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں، اقوام متحدہ کے چارٹر اور چوتھے جنیوا کنونشن سمیت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔