افغانستان میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ 2 اہلکار ، متعدد زخمی

200

 

کابل،اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) افغانستان میں پولیس چیک پوسٹ پر خود کش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں دو اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے قندھار کی مرکزی پولیس چیک پوسٹ پر ایک تیز رفتار گاڑی کو روکا گیا تاہم ڈرائیور نے رکاوٹوں کو توڑے ہوئے گاڑی دیوار سے ٹکرا دی جس سے زور دار دھماکا ہوا۔قندھار پولیس چیف کا کہنا ہے کہ چیک پوسٹ پر حملہ خودکش
تھا جس میں بمبار نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرادی۔ حملے میں دو پولیس اہلکار ہلاک اور11 اہلکاروں سمیت15 افراد زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ جبکہ دھماکے سے پولیس کے دفتر کو شدید نقصان پہنچا اورگردونواح میں موجود عمارات کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔گزشتہ روز صوبے بامیان کے مرکزی بازار میں دو بم دھماکے کیے گئے تھے جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور 45 زخمی ہوگئے تھے جن میں سے 4 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔تاحال کسی گروپ نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ طالبان نے ان حملوں میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے جبکہ داعش کی جانب سے بھی ان حملوں کی ذمہ داری نہیں لی گئی ہے۔ علاوہ ازیںپاکستان نے افغانستان کے شہر بامیان میں ہونے والے دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے ، جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا اور متعدد زخمی ہوئے۔بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور ان بہیمانہ حملوں میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی ہے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے اس بات کو تشویش کے ساتھ نوٹ کیا ہے کہ جب بھی افغان امن عمل میں پیشرفت ہوتی ہے ، شہری اداروں کے اہداف بشمول تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر دہشت گردی کے واقعات بھی بڑھ جا تے ہیں۔ ان حملوں کا مقصد امن کی کوششوں کو نقصان پہنچانا ہے۔ ہمیں امن خراب کرنے والوں کے مزموم عزائم کے بارے میں چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔