آزاد کشمیر اسمبلی اجلاس‘ میڈیکل کالجز گورننگ باڈی ترمیمی بل منظور

123

مظفرآباد ( صباح نیوز) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس اسپیکر شاہ غلام قادر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلا س میں مسودات قانون’’ آزادجموں و کشمیر میڈیکل کالجز گورننگ باڈی ترمیمی ایکٹ2020ء اورآزادجموں و کشمیر اراکین الیکشن کمیشن ٹرمز اینڈ کنڈیشن ترمیمی آرڈیننس2020ء اتفاق رائے سے منظور کر لیے گئے جبکہ مسودہ قانون’’آزادجموں و کشمیر کریمینل لا5 ویں ترمیم ایکٹ 2020‘‘ ایوان میں پیش کیا گیا جسے مجلس قائمہ کے سپرد کر دیا گیا۔ اس موقع پر قائد ایوان وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجا فاروق حیدر نے کہا ہے کہ بھارت کی حکومت کو آزاد کشمیر کے نام سے مسئلہ ہے۔ بھارت آزاد کشمیر کا نام دیکھ کر کوئی بھی الزام لگا دیتا
ہے۔ یہ ممکن نہیں کہ کوئی ملک ہیلتھ سائنسز کی ڈگری کو تسلیم نہ کرے۔ آزاد کشمیر کے میڈیکل کالجز، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ساتھ الحاق یافتہ ہیں جن کی ڈگری بین الاقوامی سطح پر تسلیم کی جاتی ہے۔ ہم نے میڈیکل کالجز میں مقبوضہ کشمیر کے طلبہ و طالبات کے لیے بھی خصوصی نشستیں مختص کر رکھی ہیں۔