ایم کیوایم لندن کے 5 ٹارگٹ کلرز سمیت 92 ملزمان گرفتار

112

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی پولیس نے شہر میں کی گئی کارروائیوں میںا یم کیو ایم کے 5 ٹارگٹ کلر سمیت 92ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ہونے والے دیگر ملزمان قتل ،گاڑیاں اور موٹرسائیکل کی چوریوں، منشیات فروشی اور ڈکیتی سمیت دیگر جرائم میں ملوث تھے،ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میںاسلحہ ،منشیات اوت مضر صحت گٹگے اور 6مسروقہ گاڑیوں سمیت دیگر غیر قانونی اشیاء برآمد ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے شہر کے 3 مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن سے وابستہ 5 ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا۔ انچارج سی ٹی ڈی مظہر مشوانی کا کہنا ہے کہ تین مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران گرفتار 5 ملزم متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے، گرفتار ملزمان نے اجمل پہاڑی اور کاشف ڈیوڈ کے ساتھ بھارت میں تربیت حاصل کی، ایم کیو ایم لندن ٹارگٹ کلر کو انڈیاوسن گنج میں ٹریننگ دی گئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ بھارتی را سے تربیت یافتہ ٹارگٹ کلر محمدعلی گھمٹی اجمل پہاڑی کا قریبی ساتھی تھا۔ ملزم 1995ء سے2005ء تک ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا۔ 1997ء میں محمد علی نے پولیس اہلکار کا اورنگی میں قتل کیا۔ 1997ء میں ملزم نے اورنگی میں فیصل عرف پراٹھا کوقتل کیا۔انچارج سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ 2005ء میں شارع نور جہاں پر ملزم نے سنی تحریک کے کارکن کو قتل کیا۔ کارروائی میں سلمان، عمیر اور شہزاد بیگ گرفتار ہوئے۔مظہر مشوانی نے مزید بتایا کہ ملزمان 2010ء سے2012ء تک دہشت گردی میں ملوث رہے۔ ملزمان کے خلاف جمشید کوارٹر، فیروز آباد، پاک کالونی اور مومن آباد تھانے میں مقدمات درج ہیں۔ کراچی پولیس کے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل نے سائٹ میں خفیہ اطلاع پر ایک چھاپا مار کارروائی میں2کار چوروں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے6مسروقہ کاریں برآمدکر لیں۔ نبی بخش پولیس نے ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں میںملوث ملزم زاہد کوگرفتار کرلیا جس کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول برآمد ہوا،اسٹیل ٹائون پولیس نے نیشنل ہائی وے پر ون ویلنگ اور تیز رفتاری کامقابلہ کرنے والے 10 موٹر سائیکل سواروںکو گرفتار کرلیا۔جمشید کوارٹرپولیس نے ایک ڈکیت گروہ کے 3کارندوں ابراہیم تنولی ولد غلام رسول، محمد سعید عرف مائیٹی ولد زین الدین اور مائیکل ولد سمیول کو گرفتار کرکے تین دستی بم اور تین پستول برآمد کرلیے۔ اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل بلدیہ، بن قاسم، جمشید، کورنگی اور سٹی ڈویثرن نے کارروائیوں کے دوران 7 موٹرسائیکل چوروں قدیر،گل حسن، عمران، محمد علی، عزیزخان ، اسامہ اور فوزل کو گرفتار کرکے قبضے سے چوری شدہ 5 موٹرسائیکلیں برآمد کرلیں۔اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ ، سی آئی اے نے کاررروائی کرتے ہوئے چار ڈکیت عبدالرزاق عرف جاوید عرف خان، شہریار،نثاربزمی اورساجد مسیح،ناظم آباد پولیس نے منشیات فروش ،بغدادی پولیس نے دو منشیات فروش رفیق اور جاوید،ڈاکس پولیس نے منشیات فروش ملزمہ تسلیمہ اور عبدالرحمن ، سمن آباد پولیس نے موٹرسائیکل لفٹرزاور گٹکا فروش نذیر عرف عبدالرزاق اور نوید،گزری پولیس نے ملزم فراز عرف فیضی ، عوامی کالونی پولیس نے دو ملزمان وقار اور راشدگلستان جوہر پولیس نے چورملزم جون، پی آئی بی پولیس نے دو ملزمان جمشید اور اجمل خان، موچکوپولیس نے رکشا میں سوار ملزم اسحاق، لانڈھی پولیس نے دو گٹکا فروش محمد اصغر اور قدید خان، ٹیپو سلطان پولیس نے گٹکا فروش محمد صالح ،اسٹیل ٹائون پولیس نے گلشن حدید میں چھاپا مار کر خواتین سے پرس چھیننے والے کم عمر ملزم عرفان کو ساتھی سمیت گرفتارکرکے اسلحہ برآمدکرلیا، بن قاسم ٹائون پولیس نے لینڈ گریبر بھتاخور، منشیات فروشی اور اغوابرائے تاوان سمیت دیگرمقدمات دو سال سے مطلوب ملزم شوکت جٹ کو گرفتارکرلیا ، ویسٹ زون پولیس نے گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 42 ملزمان کوگرفتارکرلیا،جو قتل، اقدام قتل ،ڈکیتی اوررہزنی سمیت دیگر مختلف جرائم میںملوث تھے ، قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ ،منشیات،گٹگا ماوے ،مسروقہ موٹرسائیکلوں اور 6گاڑیوں سمیت دیگر غیر قانونی اشیاء برآمدہوئیں ۔