مخدوم محبوب نے خاتون پولیس اہلکار کو ہراساں کرنے کا نوٹس لے لیا

90

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی انکروچمنٹ پولیس کی لیڈی اہلکار افشاں کو ہراساں کرنے کے معاملے کا صوبائی وزیر برائے ریونیو مخدوم محبوب الزمان نے نوٹس لے لیا۔صوبائی وزیر برائے ریونیو مخدوم محبوب الزمان کا اس ضمن میں کہا کہ انکروچمنٹ پولیس کے 2 افراد پر لیڈی کانسٹیبل کو جنسی ہراساں کرنے کا الزام ہے۔صوبائی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہدایت کر دی ہے کہ ڈی جی انکروچمنٹ شفاف انکوائری کر کے رپورٹ دیں۔واضح رہے کہ کراچی میں محکمہ اینٹی انکروچمنٹ میں تعینات خاتون اہلکار نے ادارے کے اکائونٹنٹ اور دیگر افراد کے خلاف ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا۔لیڈی پولیس کانسٹیبل افشاں نے بتایاکہ مجھے ڈیڑھ سال سے تنخواہ ادا نہیں کی جا رہی، تنخواہ مانگتی ہوں تو غیراخلاقی اور غیر قانونی مطالبات کیے جاتے ہیں۔لیڈی کانسٹیبل نے بتایاکہ اکائونٹنٹ اور دیگر لوگ ہراساں کرتے ہیں، مجھے گھر چلانے کے لیے تنخواہ کی ضرورت ہے، مجھے میرا قانونی حق ادا کیا جائے۔خاتون اہلکار نے چیئرمین پی پی پی بلاول زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر سے مدد کی اپیل کی ہے۔ایس ایس پی طارق دھاریجو نے اس ضمن میں بتایاکہ ہراساں کیے جانے کے الزام پر انکوائری کا حکم دیا ہے ، الزامات ثابت ہوئے تو سخت کارروائی کی جائے گی۔طارق دھاریجو نے کہا کہ خاتون کنٹریکٹ ملازم ہیں، کیس وزیر اعلیٰ سندھ کو بھیجا ہوا ہے، ان کی منظوری کے بعد ہی تنخواہ جاری کی جا سکتی ہے۔