قبضہ مافیا کیخلاف بڑی کارروائی کی ہدایت، جلد چیخیں سنائی دیں گی، وزیراعظم

454
لاہور: وزیراعظم عمران خان کا لاہور پہنچنے پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار استقبال کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی، ان کی چیخیں عوام جلد سنیں گے۔ ان کے بقول کورونا وائرس کی دوسری لہر خطرناک ہورہی ہے ،2 ہفتے میں یومیہ اموات 50 تک پہنچ گئی ہیں مگر کاروبار اور فیکٹریوں سمیت روزگار سے جڑی کوئی چیز بند نہیں ہوگی،یورپی ممالک کی طرح مکمل لاک ڈاؤن نہیں ہوگا،لوگوں کو بے روز گارکرکے بھوک سے نہیں مارسکتے لیکن کورونا پراحتیاط نہ کی تو ملک کے معاشی حالات بگڑ سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی موجود تھے۔ عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن عوام کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے، ان کے جلسوں کا کوئی فائدہ نہیں ، اب جلسے کرنے کی اجازت نہیںدیں گے،انہیں این آر او نہیں ملے گا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں پتا چل گیا ہے مہنگائی کرنے والا ایک مافیا ہے، اب ان کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، پاکستان کی معاشی حالت بہتر ہو رہی ہے۔عمران خان نے کہا کہ راوی منصوبہ اور بنڈل آئی لینڈ پروجیکٹ بہت ضروری ہیں، راوی پروجیکٹ کا مقصد لاہور کو بچانا جبکہ بنڈل پروجیکٹ کا مقصد کراچی کو بچانا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ راوی پروجیکٹ سے پانی بچے گا، لاہور کا زیر زمین پانی اوپر آئے گا اور 60 لاکھ درخت اگائے جائیں گے۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہاکہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے پاکستان پر کوئی دبائو نہیں ،جب تک فلسطین کے عوام کو ان کا حق نہیں ملتا ہم کوئی بات نہیں کریں گے، قائد اعظم کے فرمان کے مطابق فلسطینیوں کو انصاف ملنے تک ہم اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کامیابی کی وجہ خارجہ پالیسی ہے ، بھارت کو ہم نے بے نقاب کیا ہے، افغانستان کے ساتھ بہترین کردار ادا کر رہے ہیں،چین، امریکا، ایران، سعودی عرب اور ترکی کے ساتھ ہمارے تعلقات بہتر ہیں۔قبل ازیں وزیراعظم نے بدھ کولاہور میں مصروف دن گزارا۔ وہ لاہور پہنچنے پر سیدھا ایوان وزیراعلیٰ گئے جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ون آن ون ملاقات کرنے کے علاوہ صوبائی کابینہ کے اراکین سے ملاقات کی۔عمران خان نے ایوان وزیراعلیٰ میں مختلف اجلاسوں کی صدارت کی۔ دورہ لاہور کے موقع پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے بھی وزیراعظم سے ون آن ون ملاقات کی لاہور میں قیام کے دوران وزیراعظم کو لاہور سمیت پنجاب بھر کے مختلف میگا پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی۔