کراچی کی سڑکوں کی لائٹس بحال کرنے کاحکم جاری

553

کراچی (رپورٹ: محمد انور) حکومت سندھ نے کراچی کی بیشتر سڑکوں کی اسٹریٹ لائٹس کی بندش پر عدالت عظمیٰ کے نوٹس پر 12 دن بعد کارروائی کا حکم جاری کردیا۔ خیال رہے کہ عدالت عظمیٰ نے 12 نومبر کو اسلام آباد میں کی گئی سماعت کے دوران کراچی کی شاہراہ فیصل سمیت بیشتر سڑکوں کی لائٹیں نہ جلنے کا نوٹس لیتے ہوئے تمام سڑکوں کی لائٹس کو فوری فعال کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس حکم پر سندھ حکومت کو 12 دن بعد عمل درآمد کرانے کا خیال آیا جس پر صوبائی محکمہ برقیات نے 24 نومبر کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے 6 ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز اور کنٹونمنٹ بورڈز کو فوری تمام سڑکوں کی لائٹس روشن کرکے عدالت عظمیٰ کے حکم پر عمل کرنے کی ہدایت کی۔ خیال رہے کہ اسٹریٹ لائٹس کو فعال رکھنے کی ذمے داری متعلقہ بلدیاتی اداروں پر عاید ہوتی ہے۔ تاہم ان اداروں کی جانب سے کے الیکٹرک کے بقایاجات جات ادا نہ کیے جانے کی وجہ سے کے الیکٹرک سڑکوں کی لائٹوں کو کھولنے سے گریز کرتی ہے۔ سڑکوں پر اندھیرا رہنے سے روشنیوں کا شہر تاریک نظر آتا ہے جبکہ اندھیرے کی وجہ سے سڑکوں پر حادثات کا خطرہ بھی رہتا ہے۔