پی ڈی ایم نکات پر عمل ہواتو مذاکرات ہوسکتے ہیں، خواجہ آصف

137

اسلام آباد(آئی این پی)مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وزیرخارجہ و دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی، ہم تحریک میں تیزی بھی لا سکتے ہیں ، پی ڈی ایم کے نکات پر عمل ہوا تو مذاکرات ہوسکتے ہیں،جلسے ہوں گے چاہے ہم پر کیس بھی کردیں۔ بدھ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارے لیے قومی اسمبلی کا فورم غیر فعال ہے ، اس لیے اجلاس کا بائیکاٹ کیا گیا، چاہتے ہیں کہ کورونا کے مسئلے پر حکومت اور اپوزیشن متحد ہو، حکومت طلبا کے امتحانات ملتوی نہیں کر رہی، ہمارے جلسے منسوخ کررہی ہے ، جلسے ہوں گے چاہے ہم پر کیس بھی کردیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے 13 نکات پر ہمارا سارا پروگرام انحصار کرتا ہے، آج کی تاریخ تک ہمارا یہ فیصلہ ہے کہ اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ ہوگا،ہم تحریک میں تیزی بھی لا سکتے ہیں ، پی ڈی ایم کے نکات پر عمل ہوا تو مذاکرات ہوسکتے ہیں ۔