توہین رسالت کوبین الاقوامی سطح پرجرائم قراردینا چاہیے، طاہر اشرفی

414

اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی ومشرقی وسطیٰ حافظ  طاہراشرفی کا کہنا ہے کہ توہین رسالت جیسےعمل کوبین الاقوامی سطح پرجرائم قراردینا چاہیے، تمام انبیاءوآسمانی کتابوں کی عزت کیلئےاقوام متحدہ میں قانون سازی ہونی چاہیے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے کہاکہ اوآئی سی اجلاس میں وزیرخارجہ کشمیراورتوہین رسالت پر بات کریں گے، موجودہ حکومت نےختم نبوت پرسب سےزیادہ آواز اٹھائی ہے، گزشتہ سالوں میں توہین رسالت کےواقعات میں 90فیصدکمی ہوئی۔

طاہر اشرفی کا مزید کہنا تھا کہ یہ ممکن نہیں کہ کشمیر اورفلسطین کےمسئلے کوکوئی پس پشت ڈال سکے،دہشت گردتنظیمیں پاکستان ہی نہیں بلکہ عرب ممالک میں بھی کام کر رہی ہیں،بھارت عالمی دہشت گردتنظیموں کی مددکررہاہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ جب تک اسرائیل فلسطین کامسئلہ حل نہیں کرتاتب تک پاکستان اسرائیل کوقبول نہیں کرےگا، عوامی سطح پرمذہبی ہم آہنگی کےفروغ تک مسائل پرقابونہیں پایا جاسکے گا، 27 نومبرجمعہ کےتمام اجتماعات احتیاطی تدابیر کےساتھ ہوں گے۔