“اسلاموفوبیا کی وجہ سے دنیا کے مسلمان تذبذب کا شکار ہیں”

351
باغی ارکان سے نظرثانی کی اپیل کرتے ہیں، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان کا اسلاموفوبیا سے متعلق بہت واضح اور ٹھوس موقف رہا ہے۔ اسلاموفوبیا سے متعلق پاکستان سمیت پوری دنیا کے مسلمان تذبذب کا شکار ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ آج نائجر میں او آئی سی کونسل آف فارن منسٹرز کے اجلاس میں جارہا ہوں۔ 3 روز کی کانفرنس میں او آئی سی ممالک کے وزرا خارجہ کی اہم نشست ہوگی۔ کانفرنس میں امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز اور اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ او آئی سی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کا نکتہ نظر پیش کرنے کا موقع ملے گا۔ کانفرنس میں مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر دیگر وزرا خارجہ سے تبادلہ خیال کا موقع ملے گا۔ امریکا اور مشرق وسطیٰ میں ہونے والی تبدیلیوں پر گفتگو اور پاکستان کا موقف پیش کرنے کا موقع ملے گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اجلاس کو کشمیر کی تازہ صورتحال سے آگاہ کرنا میرے فرائض میں شامل ہے۔ مقبوضہ جموں  کشمیر سے متعلق او آئی سی کی بہت سی قراردادیں موجود ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت پر آواز اٹھانے کے لیے یہ ایک مناسب فورم ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔ دہشت گردی کی بھارتی پشت پناہی کے ٹھوس شواہد بھی پیش کر چکے ہیں۔