حیدرآباد: واٹر فلٹر پلانٹ کے ملازمین کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج

115

 

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) آل سندھ RO واٹر فلٹر پلانٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن سندھ کی جانب سے 19ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور محکمہ پبلک ہیلتھ میں ضم نہ کرنے کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے قاری خیر محمد راجپر، ڈاکٹر محرم علی وسان، رجب سومرو، معاذ بھٹواور یار محمد نظامانی کی قیادت میں مظاہرہ کیا گیا ۔اس موقع پر مذکورہ افراد نے کہاکہ سندھ حکومت نے2012ء میں پاک او سیسی پرائیویٹ کمپنی کے ساتھ محترمہ بے نظیر بھٹو کے نام سے منسوب آر او فلٹر پلانٹ سندھ بھر میں لگائے تھے اور اس حوالے سے آپریٹرز اور چوکیداروں کی 2500 سے زائد ملازمتوں پر بھرتی کی گئی تھی یہ کنٹریکٹ ملازم تھے مذکورہ کمپنی سے30جون2020ء کو کنٹریکٹ ختم ہوگیا اور جولائی سے یہ آر او پلانٹ پبلک ہیلتھ محکمے کے حوالے کردیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ پاک او سیسی کمپنی کے ذمے ملازمین کی پندرہ ماہ کی تنخواہ بقایا ہیں جبکہ پبلک ہیلتھ نے چار ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کیں ملازمین 19ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔ انہوںنے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنایاجائے جبکہ محکمہ پبلک ہیلتھ میں ضم کرنے کے بعد ملازمین کو تنخواہیں ادا کی جائیں اورفلٹر پلانٹ کی مرمت کی جائے۔