ہوٹل کے اندر کھانا کھانے کی اجازت دی جائے،اطہر چائولہ

240

کراچی( اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن ( اپرا) کے کنوینر اطہر سلطان چاؤلہ نے کورونا سے بچاؤ کے تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے باوجودکمشنر کراچی افتخار شلوانی کی جانب سے ریسٹورنٹس میں بیٹھ کر کھانا کھانے پرپابندی عائد کرنے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے اس اقدام کو تباہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انڈورڈائننگ پر پابندی عائدہونے سے ریسٹورنٹ انڈسٹری میں مکمل طور پرتباہ ہوجائے گی اور اربوں روپے کی سرمایہ کاری ڈوب جائے گی لہٰذا کمشنرکراچی اپنے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے انڈور ڈائینگ کی اجازت دیں۔اطہر سلطان چاؤلہ نے ایک بیان میں کہاکہ تمام ریسٹورنٹس میں کورونا سے بچاؤ کے یے حکومت کے وضع کردہ ایس اوپیز پر سختی سے عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ ریسٹورنٹس کے ورکرز سمیت کھانا کھانے کے لیے آنے والوں کو بھی ایس اوپیز پر عمل درآمد کی ہدایت کی جاتی ہے اس کے باوجود انڈور ڈائننگ پر پابندی عائد کرنا جان بوجھ کر اس انڈسٹری کو برباد کرنے کے مترادف ہے۔