جنسی طور پر ہراساںکرنے کا الزام‘ سی ای او کے الیکٹرک کو نوٹس

236

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محتسب اعلیٰ نے کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) مونس عبداللہ علوی کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے سے متعلق درخواست پر مونس عبداللہ علوی اور دیگر کو نوٹس جاری کردیے۔ محتسب اعلیٰ نے سابق میڈیا کنسلٹنٹ کے الیکٹرک مہرین عزیز خان کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ محتسب اعلیٰ نے فریقین کو 5 یوم میں جواب بھی داخل کرنے کا حکم دیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مونس علوی نے کئی بار اکیلے چائے پر لے جانے کی کوشش کی‘ مونس علوی نے خواتین کا مذاق اڑایا‘ عورت مارچ کے موقع پر کہا‘ میرا کھمبا، میری بجلی، میری مرضی‘ مونس علوی ان کی موکلہ کو فحش ٹک ٹاک وڈیوز کے حوالے دیا کرتے تھے جبکہ مونس علوی ان کی موکلہ کو ہفتے کو میٹنگ کے لیے باہر لے جاتے تھے۔ درخواست گزار کے وکیل نے مزید کہا کہ مونس علوی نے ان کی موکلہ کو چیف ڈسٹری بیوشن افسر عامر ضیا اور دیگر سے دور رہنے کا بھی کہا‘ اور کہا کہ وہ اچھے لوگ نہیں ہیں‘مونس عبداللہ علوی دوران ملازمت مہرین خان کو جنسی و ذہنی طور پر ہراساں کرتے رہے۔ درخواست گزار نے محتسب اعلیٰ کو بتایا کہ مونس علوی غصے کے بہت تیز ہیں اور نیپرا کی میٹنگ میں ایک خاتون نے مونس علوی پر عورتوں سے بدتمیزی کا الزام لگایا تھا۔