پولیس اہلکاروں کو یرغمال بناکر تھپڑ مارنے والا ملزم گرفتار

123

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پولیس اہل کاروں کو یرغمال بنا کر تھپڑ رسید کرنے والا ملزم آخر کار گرفتار ہو گیا۔ملزم ساجد عرف کاچک منشیات فروشی کا منظم گینگ چلاتا ہے۔تفصیلات کے مطابق مومن آباد کے ساجد کاچک نامی منشیات فروش نے چند ماہ قبل پولیس اہل کار کو بھرے مجمع میں منہ پر زور دار تھپڑ رسید کیا تھا، پولیس اہلکار اس کے سامنے بے بس ہو گئے تھے، اس واقعے کے بعد سے وہ مفرور تھا۔ایس ایچ او مومن آباد عبد الخالق انصاری کے مطابق مومن آباد پولیس کے ہاتھوں انتہائی مطلوب ملزم ساجد عرف کاچک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف دہشت گردی، پولیس مقابلوں اور منشیات فروشی کے مقدمات درج ہیں۔یاد رہے کہ ساجد کاچک نے جون 2020 ء کو 2 پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنایا تھا، اہل کار علاقے میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے لیے پہنچے تھے، جب ملزم ساجد نے پولیس اہل کاروں کو سرعام تھپڑ مارے اور دونوں اہل کاروں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔عبدالخالق انصاری نے بتایا کہ گرفتار ملزم کے خلاف درجن سے زائد سنگین مقدمات درج ہیں، ملزم کو خفیہ اطلاع پر ایک مبینہ مقابلے کے بعد گرفتار کیا گیا، ساجد کاچک منشیات فروشی کا منظم گینگ چلاتا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے ۔