لاک ڈائون کی خلاف ورزی پر جرمانہ‘دکانیں سیل کرنے کافیصلہ

486

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہرقائد میں لاک ڈائون پرسختی سے عملدرآمد کے حوالے سے کمشنر کراچی اور ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے جس میںموجودہ حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق کراچی پولیس چیف اور کمشنر کراچی نے ملاقات کے دوران اقدامات سے متعلق اہم فیصلے کیے ہیں۔ دونوں نے اتفاق کیا کہ لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو جرمانہ کیا جائے گا۔جرمانہ کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کریں گے، لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ جرمانے کے بعد بھی جو دکاندار خلاف ورزی کرے گا اس کی دکانیں سیل کردی جائیں گی۔ایڈیشنل آئی جی پولیس نے کہاکہ اہلکار ڈیوٹی کے دوران ماسک کا استعمال کریں اور بہر صورت سماجی فاصلوں کابھی خاص خیال رکھا جائے۔