پولیس پیٹرول پمپ پر ڈکیتی کے ملزمان کو پکڑ نہیں سکی

48

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شاہ لطیف ٹاؤ ن میں پیٹرول پمپ پرڈکیتی کی واردات،پولیس موقع پر پہنچ کر بھی ڈکیتی کی واردات ناکام بنانے میں ناکام ہوگئی ،ملزمان باآسانی فائرنگ کرتے ہوئے فرارہوگئے ،مسلح ملزمان کی فائرنگ سے پولیس موبائل کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس کے مطابق مسلح ملزمان پیٹرول پمپ سے60 ہزارروپے لوٹ کرفرارہو گئے۔تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے نیشنل ہائی و ے گرین سٹی کے قریب واقع نجی پیٹرول پمپ پرگاڑی میں سوار4 مسلح ملزمان اسلحے کے زور پرلوٹ مارکرکے فرارہو رہے تھے کہ پولیس موقع پرپہنچ گئی جس پرمسلح ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔ پولیس کی جانب سے بھی مسلح ملزمان پرفائرنگ کی گئی،مسلح ملزمان کی فائرنگ سے پولیس موبائل کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ پولیس اہلکار چھپ کرجان بچانے میں کامیاب ہوگئے، مسلح ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے ، پولیس نے موقع پرسے ایک پستول کو تحویل میں لیکر فرانزک کے لیے لیبارٹری بھجوادیا ہے۔