موسمی خطرات سے نمٹنے میں ہرشہری کردار ادا کرے،مرتضیٰ وہاب

227

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ترجمان حکومت سندھ اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے’’ موسمیاتی تبدیلی بچوں کے مستقبل‘‘ کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے آگاہی اور اس کے اثرات سے بچاؤ کیلیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ہمارا اجتماعی فریضہ ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا بھر میں نوجوان تبدیلی کے سفیر جانے جاتے ہیں اور ہمیں بچوں کو نہ صرف ماحولیاتی تبدیلی اور اس کے اثرات پر کوروناوائرس جیسی وبائی بیماریوں کی بھی آگاہی دینی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جرمن ماہرین نے بڑی اچھی بات کی کہ موسمی خطرات سے نمٹنے میں صرف حکومت نہیں ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ کلائمٹ چینج سے نمٹنے کے لے ہمیں اپنا بچاؤ کرنا ہوگا تاکہ اچھے دماغ مستقبل میں اپنا کام سرانجام دیں اور ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر نوجوانوں کے ٹیلنٹ سے استفادہ کیا جائے تو ہم معاشرے میں مثبت اور بہتر ماحول ترتیب دے پائیں گے۔ ماحولیاتی تبدیلی، موسمی خطرات جیسے موضوع پر چھوٹے اور دور رس علاقوں میں کام کیا جارہا ہے، یہ بڑا خوش آئند امر ہے۔بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کانفرنس میں صوبے بھر سے آئے ہوئے نوجوانوں اور بچوں میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔