سبزی منڈیوں میں ماسک پہننا لازم، عمر رسیدہ افراد کا داخلہ بند

422

کراچی: کورونا وائرس کی دوسری لہر کی شدت کو دیکھتے ہوئے سندھ حکومت نے صوبے کی تمام سبزی منڈیوں میں ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے جبکہ پابندی کا مقصد عوام کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کی تمام سبزی منڈیوں میں لوگوں کو پابند کر دیا گیا ہے کہ وہ ماسک پہن کر ہی داخل ہوں ورنہ داخلے پر پابندی ہوگی جبکہ  ماسک کی پابندی کے ساتھ ساتھ حکومت سندھ نے عمر رسیدہ شہریوں کی سبزی منڈی میں داخلے پربھی پابندی لاگو کر دی ہے اور اس پابندی کا مقصد انھیں کورونا وائرس سے محفوظ رکھنا ہے۔

وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ تمام سبزی منڈیوں میں بغیر ماسک کے آمد پر پابندی ہوگی اور اس سلسلے میں ڈائریکٹر مارکیٹ کمیٹی، ایڈمنسٹریٹرز اور چیئرمینز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں  جبکہ  ان کو ہدایت میں مزید کہا گیا ہے کہ  نیلام اور خرید و فروخت کے تمام مراحل میں ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جائے اور عمر رسیدہ شہریوں کی سبزی منڈی میں داخلے پر پابندی رکی جائے۔

سندھ حکومت  کے مطابق سبزی منڈی میں رش کم کرنے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے صرف ایک شخص کو داخلے کی اجازت ہوگی اور  سبزی منڈیوں کے مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمینز کو دروازوں پر سینی ٹائزر مشینیں نصب کرنے کا بھی حکم دے دیا ہے۔

واضح رہے تمام ہدایات کے ساتھ ساتھ تنبیہ کی گئی ہے کہ جس سبزی منڈی میں ایس او پیز پر عمل نہیں ہوگا اسے بند (سیل) کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب  محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق تمام تجارتی مراکز جمعہ اور اتوار کو مکمل بند رہیں گے اور جمعہ اور اتوار صرف اشیا ضروریہ کی دکانیں کھلیں گی جبکہ کاروبار کے اوقات کار صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک ہونگے اورمحکمہ داخلہ کی جانب سے موجودہ نئی پابندیاں 31 جنوری 2021 تک لاگو رہیں گی۔