کور کمانڈر کانفرنس کا ملک میں عدم استحکام کی بھارتی کوششوں پر شدید اظہار تشویش

590

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج قومی اداروں کی مدد سے تمام چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔

تفصیلات کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 237 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں خطے کی سیکیورٹی صورت حال سمیت قومی سلامتی کے معاملات اور بارڈرز کی صورتحال خصوصی طور پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا بھی تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں افغان امن عمل میں مثبت پیش رفت پر بھی غور کیا گیا، اجلاس کے شرکا نے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے بھارتی ریاستی دہشتگردی پر تشویش کا اظہار کیا اس کے علاوہ سی پیک سبوتاژ کرنے کیلئے بھارت کی دہشتگردوں کو مالی امداد، ٹریننگ کیمپس پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا سے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج قومی اداروں کی مدد سے تمام چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار ہے، ہم ان چیلنجرز کو امن واستحکام کا موقع بنائیں گے، کانفرنس کے شرکا کی جانب سے بھی مادر وطن کے دفاع کویقینی بنانے کیلئے عزم کااعادہ کیا گیا۔بعد ازاں کور کمانڈر کانفرنس کا اعلامیہ جاری کیا گیا، اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سی پیک کیخلاف بھارتی سازشوں، دہشتگردوں کی مالی معاونت کے ثبوتوں کا جائزہ لیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ بھارت پاکستان، بالخصوص آزاد کشمیر میں دہشتگردوں کی مالی معاونت کر رہا ہے، بھارت کی بلوچستان، گلگت بلتستان میں بھی دہشتگردوں کی مالی معاونت خطے کے امن کیلئے دھچکہ ہے، بھارتی دہشتگردی کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق جاری اعلامیے میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بھارتی فائرنگ سے پاکستانی شہریوں کومحفوظ بنایا جائے گا، اس کے علاوہ کسی بھی جارحیت سے ملک کو محفوظ رکھا جائے گا، آرمی چیف نے کور کمانڈرز کو وبا پر قابو پانے کیلئے قومی کوششوں میں ہاتھ بٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور پاکستانیوں کے لیے امن کا قیام ہمارا فرض ہے۔