دفتر خارجہ نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی قیاس آرائیاں مسترد کردیں

553

اسلام آباد:دفتر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے اسرائیل کو ممکنہ طور پر تسلیم کرنے کی بے بنیاد قیاس آرائیوں کو قطعی طور پرمستردکردیا اور کہاکہ  اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی معاملہ زیر غور نہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نےجاری اپنے بیان میں میڈیا کی جانب سے پوچھے گئے سوالوں کے جواب کے دوران پاکستان کی جانب سے اسرائیل کو ممکنہ طور پر تسلیم کرنے کی بے بنیاد قیاس آرائیوں کو قطعی طور پرمستردکردیااور کہاکہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے بیانات واضح اور غیر متزلزل ہیں،وزیراعظم واضح کرچکے ہیں کہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور فلسطینیوں کے لیے قابل قبول حل تک پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان قطعی طور پر فلسطینی عوام کے جائز حق خود ارادیت کی حمایت کرتا ہے، فلسطین میں دیرپا امن کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل ضروری ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان1967 کی سرحدات اور دارالخلافہ القدس الشریف پرمشتمل آزاد ریاست فلسطین کا حامی ہے۔