آصف زرداری، چوہدری برادران کا نواز شریف سے رابطہ

433

لندن: سابق صدرآصف علی زرداری، ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے سابق وزیراعظم کو فون کرکے ان کی والدہ کے انتقال پراظہار تعزیت کی۔

تفصیلات کےمطابق چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہٰی نے میاں نوازشریف سے ان کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا  جبکہ نوازشریف نے چوہدری شجاعت کی صحت سے متعلق دریافت کیا۔

اس کے علاوہ سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی نواز شریف کو ٹیلیفون کیا اور ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی۔آصف علی زرداری نے کہا کہ ماں کا انتقال اولاد کے لیے بہت بڑا سانحہ ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ بیگم شمیم اختر کی میت جمعرات کو پاکستان روانہ کیے جانے کا امکان ہے، ان کی نماز جنازہ شریف میڈیکل سٹی میں اداکی جائے گی جب کہ مرحومہ کی تدفین جاتی عمرہ میں میاں شریف کی قبر کے قریب مختص جگہ پر کی جائے گی۔