لاڑکانہ، ایریگیشن کالونی کے مکینوں کاگھروں کو مسمار کرنے کیخلاف دھرنا

299

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں گھر بچایو کمیٹی کی جانب سے رائس کینال، گھاڑ واہ اور آبڑو واہ کے دونوں طرف برسوں سے گھر بناکر رہائش اختیار کرنے والے رہائشیوں اور ایریگیشن کالونی کے مکینوں نے ممکنہ طور پر گھروں کو مسمار کرنے کیخلاف لاہوری ریگیولیٹر پر احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا، جہاں خواتین نے قرآن پاک اٹھا کر اپنے بچوں کے ہمراہ احتجاج بھی کیا۔ اس موقع پر گھر بچایو کمیٹی کے رہنماؤں محمد قاسم چانڈیو، ذوالفقار علی چانڈیو، غلام قادر اہیر، سلیم اختر میرانی و دیگر کا کہنا تھا کہ ہم 50 سال سے بھی زائد عرصے سے رائس کینال، گھاڑ واہ، آبڑو واہ اور ایریگیشن کالونی میں رہائش پذیر ہیں لیکن بلاجواز محکمہ آبپاشی کی جانب سے ہمارے گھروں کو مسمار کرنے کے لیے نوٹسز جاری کرکے تنگ کیا جارہا ہے اگر ایسا ہوا تو 16 ہزار سے زائد لوگ بے گھر ہوجائیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عدالتی فیصلے پر نظر ثانی کرکے ہمارے گھروں کو مسمار ہونے سے بچا کر ہمیں مستقل طور پر گھروں کے مالکانہ حقوق دیے جائیں۔