لاہور بدترین ٹریفک نظام کی وجہ سے مسائلستان بن گیا

230

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت صفائی ، ٹرانسپورٹ اور بدترین ٹریفک کے نظام کی وجہ سے مسائلستان بن چکا ہے۔ سٹرکوں اور گلی محلوں میں جابجا گندگی ڈھیرے بدترین انتظامات کی کھلی منظر کشی کررہے ہیں یہی وجہ ہے کہ آلودگی کے حوالے سے شہر لاہور دوسروں شہروں کی نسبت سرفہرست ہے۔اگر شہر میں صفائی کا انتظام بہتر نہیں ہوا تو کورونا وائرس کے بعد وبائی امراض بڑھنے کے امکانات کا خدشہ بھی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی اچھرہ کے زیر اہتمام پائے ناشتہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ،امیر جماعت اسلامی جنوبی لاہور خالد احمد بٹ، امیر جماعت اسلامی پی پی 160 احمد سلمان بلوچ،رہنما جماعت اسلامی اچھرہ اشفاق چغتائی ،جاوید حسین، عاصم چغتائی سمیت بڑی تعداد میں اہل علاقہ نے شرکت کی۔میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ شہر لاہور میں جہاں گلی محلوں میں بدترین انتظامات کی وجہ سے گندگی کے ڈھیر سیوریج کے نظام کو مزید تباہ کرنے کی وجہ بن رہے ہیں وہاں شہریوں کیلیے اذیت کا باعث ہیں۔ شہری گھروں میں سیوریج ملا گندہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر لاہور مسائل کی آمجگاہ بن چکا ہے جبکہ انتظامیہ خواب غفلت میں سوئی ہوئی ہے۔ٹریفک، ٹرانسپورٹ اور بدترین صفائی کے انتظامات کی وجہ سے دن بدن مسائل بڑھتے جار ہے ہیں۔ ہر سال گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے،مین سڑکوں، سروس اور چھوٹی بڑی روڈ پر ناجائز پارکنگ اسٹینڈز کی وجہ سے گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کا جینا محال ہو چکا ہے۔ ٹریفک کے بہاو میں دن بدن پچیدیگیاں بڑھتی جا رہی ہیں اور اس کے حل کے لیے سٹی ٹریفک پولیس یا ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کسی قسم کی واضع پالیسی سامنے نہیں آرہی ہے۔میاں ذکر اللہ مجاہد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہر میں صفائی ستھری، بوسیدہ سیوریج کے نظام، ٹرانسپورٹ اور بدترین ٹریفک کے مسائل کے حل کیلیے جامع حکمت عملی بنائی جائے اور اس پر فی الفور اقدامات کیے جائیں۔