کراچی یونیورسٹی نے زون جی ٹرافی جیت لی

595

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایچ ای سی انٹرورسٹی زون جی کرکٹ ٹورنامنٹ 2020-21کراچی یونی ورسٹی نے سخت مقابلے کے بعد ہمدرد یونی ورسٹی کو فائنل میں 4وکٹوں سے ہراکر جیت لیا۔ ہمدرد یونی ورسٹی گرائونڈ پر کھیلے جانے والے فائنل میں ہونے والے دلچسپ مقابلے میں ہمدرد یونی ورسٹی نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں 136رنز کا ہدف دیا جو کراچی یونی ورسٹی کی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے ٹورنامنٹ اپنے نام کیا۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر فاتح ٹیم کو ٹرافی اور انعامات دئیے گئے۔ وائس چانسلر کراچی یونی ورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔اس کے علاوہ اختتامی تقریب میں مختلف یونی ورسٹیوں کے وائس چانسلرز خصوصی طور پر مدعو تھے جن میں وائس چانسلر شہید بے نظیر بھٹو دیوان یونی ورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب خان، وائس چانسلر اقرا یونی ورسٹی پروفیسر ڈاکٹر وسیم اے قاضی شامل ہیں۔وائس چانسلر ہمدرد یونی ورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن نے اختتامی کلمات میں کہا کہ کوویڈ کی وجہ سے ٹورنامنٹ میں حکومت کے جاری کردہ ایس او پیز پر پوری طرح سے عمل درآمد یقینی بنایا گیا۔ ہمدرد یونی ورسٹی کے بانی اور پہلے چانسلر شہید حکیم محمد سعید نے نوجوانوں میں علم کی جستجو پیدا کرنے کے ساتھ ان کی عمومی صحت کو بہتر بنانے پر بہت زور دیا ہے۔اس لیے ہمدرد یونی ورسٹی اپنے تعلیمی سال میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو کلینڈر میں شامل کرتی ہے۔ انہوں نے فاتح ٹیم کو مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ باقی ٹیمیں آئندہ ٹورنامنٹس کے لیے بھرپور تیاری کریں گی۔