لاک ڈائون خدشات ،554.66 پوائنٹس کمی77 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں

212

کراچی (اسٹاف رپورٹر )پاکستان اسٹاک مارکیٹ پیر کو شدید مندی کی لپیٹ میں رہی ،کے ایس ای100انڈیکس 500پوائنٹس گھٹ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 40ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے گھٹ کر 39600پوائنٹس کی پست سطح پر بند ہوا ، مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 89 ارب روپے ڈوب گئے جس کے سبب سرمائے کا مجموعی حجم 74کھرب روپے سے کم ہو کر 73 کھرب روپے رہ گیا جبکہ 77فیصد حصص کی قیمتیں بھی گر گئیں۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ پیر کو کاروبارکے آغاز سے ہی دبائو میں دیکھی گئی، ماہرین کے مطابق سیاسی افق پر چھائی بے یقینی کی کیفیت اور پاکستان میں کووڈ 19 کے بڑھتے ہوئے اثرات اور لاک ڈائون کی افواہوں کے سبب سرمایہ کار تذبذب کا شکار رہے اور انہوں نے منافع خوری کی خاطر فروخت کو ترجیح دی اسی وجہ سے انڈیکس 40100، 40000، 39900، 39800 اور 39700 پوائنٹس کی 5بالائی حد سے نیچے گر گیا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو کے ایس ای 100 انڈیکس میں 554.66 پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 40187.18پوائنٹس سے گھٹ کر 39632.52 پوائنٹس پر آگیا جبکہ کے ایس ای 30انڈیکس 209.85پوائنٹس کی کمی سے 16903.30 پوائنٹس سے کم ہو کر 16693.45 پوائنٹس پربند ہوااسی طرح کے ایس ای آل شیئر زانڈیکس 28273.96پوائنٹس سے کم ہو کر 27932.52 پوائنٹس ہو گیا ۔ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 39314.63پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بھی دیکھا گیا تھا ۔کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 89 ارب 55 کروڑ 44 لاکھ 5 ہزار 528 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 74 کھرب 7 ارب 71 کروڑ 10لاکھ 35ہزار 701 روپے سے گھٹ کر 73 کھرب 18ارب 15 کروڑ 66لاکھ 30 ہزار173روپے رہ گیا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو 7ارب روپے مالیت کے 19 کروڑ 54 لاکھ 67ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔