دسمبر 2022 تک 5 جی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کامنصوبہ ہے،سید امین الحق

362

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے آئی ٹی، ٹیلی کام سید امین الحق نے کہا ہے کہ حکومت دسمبر 2022ء تک پاکستان میں 5جی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے لیے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں کام تیزی سے جاری ہے۔حکومت پاکستان میں کرپٹوکرنسی کی اجازت دینے کو بھی تیار ہے اور اس مقصد کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور وفاقی بورڈ برائے ریونیو (ایف بی آر) سے ملک میں کرپٹوکرنسی کی تجارت کو محفوظ بنانے کے لیے قانونی لحاظ سے مدد لے رہے ہیں،پے پال کے پاکستان میں خدمات فراہمی سے انکار کے بعد دیگر ڈیجیٹل پیمنٹ سولیوشنز پر کام کر رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے پاکستان ملائیشیا فرینڈشپ ایسوسی ایشن (پی ایم ایف اے) کی دوسری ’’ پذیرائی ایوارڈز 2020‘‘ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ملائیشیا کے قونصل جنرل خیرالنظران عبدالرحمان، پاکستان ملائیشیا فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے صدر شاہد جاوید قریشی، سینیٹر عبدالحسیب خان، فاروق افضل ،مجید عزیز و دیگر بھی موجود تھے۔ایوارڈز حاصل کرنے والوں میں ہلال خان آفریدی، گیان پردیپ کورالجی، رشید جان محمد، مختار حسین ڈوسانی، حسن احمد جعفرانی، حنیف چاپری، نعمان لاکھانی، ارشد اسلام، سینئرصحافی نیرزبیری شامل تھے۔