حیدرآباد کے17 علاقوں میں اچانک اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

405
حیدرآباد، اسمارٹ لاک ڈائون کے بعد نسیم نگر میں مارکیٹ بند پڑی ہیںجبکہ پولیس موبائل گشت کررہی ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد کی چھ یونین کونسلوں کے 17علاقوں میں اچانک اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ،لاک ڈاؤن صبح نو بجے کیا گیا۔ علاقے میں اسکول اور کالج آنے والے اساتذہ اور طلبہ پھنس گئے جس کے بعد دوپہر میں اسکول اور کالج کی چھٹی کے لیے وقت دیا گیا ۔ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو نے حیدرآباد میںکورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں مسلسل اضافے کی وجہ سے حیدرآباد کی 6 یوسیزکے 17 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔صبح 9 بجے سے تعلقہ سٹی کے علاقے بلدیہ کالونی،مبارک کالونی اور صحافی کالونی میں اسمارٹ لاک ڈائون نافذ کیا جائے گا جبکہ تعلقہ لطیف آباد کے علاقے، دامن کوہسار، ائر پورٹ روڈ، لطیف آباد نمریونٹ نمبر 6، قاسم آباد کے علاقے نسیم نگر، سٹیزن کالونی، وادھو واھ روڈ، بھٹائی ٹاؤن، گلستان سجاد ، سٹی میں صحافی کالونی، مبارک کالونی،بلدیہ کالونی گلستان فاطمہ ، دیگر علاقے جہاں 23 نومبر صبح 9 بجے سے 5 دسمبر تک اسمارٹ لاک ڈائون جاری رہے گا۔ڈپٹی کمشنر نے مذکورہ علاقوں کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اسمارٹ لاک ڈائون کے دوران انتظامیہ سے تعاون کریں اور بوقت ضرورت گھروں سے باہر نکلیں اور اس دوران ماسک پہننے کے ساتھ ساتھ تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو کم سے کم کر کے ہم سب خود کو اور اپنے بچوں کو اس وائرس سے تحفظ فراہم کر سکیں، انہوں نے بتایا ہے کہ اسمارٹ لاک ڈائون کے دوران علاقوں کو سیل کرنے کیلیے ضلعی انتظامیہ نے پولیس کو حکم جاری کر دیاہے۔اسمارٹ لاک ڈائون کے دوران ضروری خدمات والے ہسپتالیں، دکانیں اور میڈیکل اسٹورز کو استثنا حا صل ہو گا۔ صبح نوبجے اچانک لاک ڈاؤن کے نفاذ سے علاقے میں کھلنے والے اسکول اور کالج میں اساتذہ وطلبہ پہنچ گئے جو کہ وہاں پھنس گئے جبکہ دیگر علاقوں کے لوگ بھی محصور ہوگئے جن کو دوپہر میں دو گھنٹے کا ٹائم دے کر مساجد سے اعلان کراکر نکالا گیا۔