فیریئر ہال کی بحالی و تزئین کے کاموں کا آغاز کردیا، افتخار شالوانی

158

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا ہے کہ فیریئر ہال کی بحالی و تزئین کے کاموں کا آغاز کردیا ہے ،فیریئر ہال کی اصل حالت میں بحالی کی منظوری 2004ء میں پی اینڈ ڈی نے دی تھی، گزشتہ 16 سال سے یہ کام تعطل کا شکار تھا جسے اب شروع کردیا گیا ہے اور دسمبر کے وسط تک مکمل کرلیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تختی کی نقاب کشائی کرکے فیریئر ہال اور گیلری صادقین کی بحالی و تزئین و آرائش کے کاموں کا آغاز کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کراچی ڈاکٹر وقاص روشن، ڈائریکٹر جنرل پارکس طٰہٰ سلیم، سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈاسپورٹس خورشید شاہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی نے کہا کہ ان تمام کاموں کی نگرانی کے لیے ماہر بحالی قومی ورثہ کلیم اللہ لاشار ی کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جبکہ یہ کام ہیریٹیجPreservation کے متعلقہ رولز کے مطابق انجام دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی مقام ہے جو ایک عرصے سے عوام الناس کے لیے بند تھا اور اب اسے شہریوں کے لیے کھول دیا گیا ہے، فیریئر ہال کی لائبریری فعال ہوگئی ہے اور یہاں کراچی کے طلبہ وطالبات کے لیے سی ایس ایس کی کلاسز بھی منعقد کی جارہی ہیں۔