اسرائیلی وزیر اعظم کی سعودی عرب خفیہ آمد ، محمد بن سلمان سے ملاقات ، سعودی عرب کی تردید

522

 

تل ابیب /نیوم (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان خفیہ ملاقات کا انکشاف ہوا ہے۔اسرائیلی ذرائع ابلاغ اور نیوز ایجنسیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہواتوار کو خفیہ طورپر سعودی شہر نیوم پہنچے جہاں انہوں نے پہلے سے موجودسعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے اہم ملاقات کی۔ واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو ان دنوں یورپ اور مشرق وسطیٰ کے 8 ممالک کے دورے پر ہیں۔ اس سے چند گھنٹے قبل امریکی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ ولی عہد سے ملاقات میں ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔اسرائیلی میڈیا نے حکومتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملاقات 5گھنٹے پر محیط تھی جس میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی موسادکے سرابراہ یوسی کوہِن موجود تھے۔ اسرائیلی میڈیا نے اس ملاقات کو تاریخی قرار دیا ہے جو کسی اسرائیلی وزیر اعظم کا اس اسلامی ملک کا اولین دورہ ہے۔اس خفیہ ملاقات کے بارے میں رپورٹیںپیرکو اسرائیل کے
متعدد اخبارات میں چھپی ہیں۔ رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم نیتن یاہو کے دفتر نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار تو کیا ہے تاہم اس خبر کی تردید بھی نہیں کی ہے۔عالمی پروازوں کا ڈیٹا رکھنے والی ویب سائٹ ’فلائٹ ریڈار 24 ڈاٹ کام‘ پر تل ابیب کے انٹرنیشنل ائرپورٹ سے نجی جیٹ طیارے گلف اسٹریم IV کی 5 بج کر 40 منٹ پر پرواز بھرنے اور سعودی شہر نیوم میں لینڈنگ اور 5 گھنٹے بعد اسی راستے سے تل ابیب واپسی کا ڈیٹا موجود ہے۔ فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق ماضی میں نیتن یاہو کے زیر استعمال رہنے والا ایک طیارہ سعودی عرب کے شہر نیوم گیا جہاں وہ 5گھنٹے تک رکا۔جرمن خبررساں ادارے ڈوئچے ویلے کے مطابق اسرائیلی کابینہ کے ایک رکن نے اس ملاقات کی تصدیق کی اور اسے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔یہ پہلا موقع ہے جب اسرائیلی اور سعودی قیادت نے براہ راست بات چیت کی۔ اسرائیل اس سے قبل خطے میں متحدہ عرب امارات اور بحرین سے سفارتی تعلقات قائم کر چکا ہے۔ ان 2 عرب ملکوں کی طرح اب سعودی عرب کی جانب سے بھی اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات استوار کرنے پر غور کرنے کی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔دوسری جانب سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات کی تردید کی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ان کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد اور اسرائیلی حکام کے درمیان ملاقات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے دورہ سعودی عرب کے دوران ایسی کوئی ملاقات نہیں ہوئی، ملاقات میں صرف امریکی اور سعودی حکام شریک تھے۔