پختونخوا کے عوام اپوزیشن کے جھانسے میں آنے والے نہیں، وزیر اعظم

518
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کورونا سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

 

اسلام آباد(آن لائن،صباح نیوز) خیبر پختونخوا کے عوام اپوزیشن کے جھانسے میں آنے والے نہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پیر کے روز اسلام آباد میں ملاقا ت کی اور باہمی دلچسپی کے مختلف اْمور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر صوبے میں میگا ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود کیلیے صوبائی حکومت کے اقدامات، صوبے میں کوروناکی تازہ ترین صورتحال اور اس
سے نمٹنے کے انتظامات سمیت دیگر معاملات زیر بحث آئے۔ دونوں رہنماؤں نے کورونا کی موجودہ نازک صورتحال میں اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے جلسوں کے انعقاد کو عوام دشمنی کے مترادف قرار دیتے ہوئے اس پر افسوس کا اظہار کیا اور کہاکہ اپوزیشن والے اپنی سیاست چمکانے کے لیے عوام کی جانوں سے کھیل رہے ہیں جو اْن کی طرف سے غیر سنجیدہ اور غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والوں کو اس ملک اور اس کے غریب عوام کا کوئی خیال نہیں یہ صرف اپنی کرپشن بچانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں مگر اْنہیں ملک کی لوٹی ہوئی دولت کا ہر صورت حساب دینا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ عوام نے پی ڈی ایم کے ملک مخالف ایجنڈے اور بیانیے کو یکسر مسترد کر دیا اور عوام کی طرف سے پی ڈی ایم کے جلسوں میں عدم شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے پی ڈی ایم کا جلسہ ناکام بنانے پر خیبرپختونخوا کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوے کہا ہے کہ کے پی کے باشعور عوام اپوزیشن کے جھانسے میں آنے والے نہیں۔ انہوں نے کہا خیبر پختونخوا کے عوام نے اپوزیشن کی سیاست کو بہت پہلے مسترد کردیا تھا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبے میں امن وامان بہتر اور ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا کے پہلے مرحلے میں قابل تقلید حکمت عملی اور بروقت فیصلوں سے وبا ء پر قابو پایا تھا۔ انہوں نے یہ بات اپنی زیر صدارت کورونا کی مجموعی صورتحال سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وزیراعظم کی زیر صدارت منعقدہ جائزہ اجلاس میں وفاقی وزرا خسروبختیار، اسدعمر،شفقت محمود، حماداظہر، شبلی فراز اوراعجازشاہ نے شرکت کی۔جائزہ اجلاس میں وزیراعظم کے معاونین خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر ثانیہ نشتر بھی شریک ہوئے۔وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے مرحلے میں بھی سنجیدگی، توازن اوراحتیاط کا دامن ہرگز نہیں چھوڑنا چاہیے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کورونا کے پھیلا ئوکو روکنے اور عام لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کورونا سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے ہیں