ملک بھر میں 26 نومبر سے تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان

425

اسلام آباد: وفاقی وزیرشفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم اجلاس میں 26 نومبر سے 24 دسمبر تک تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تعلیمی اداروں کو بند کرنے  سے متعلق آج اجلاس ہوا جس میں صوبوں نے تعلیمی اداروں سے متعلق تجاویز پیش کیں ہیں اور کورونا کے باعث سکولوں کی بندش پر تمام وزرائے تعلیم متفق ہیں جبکہ شفقت محمود کا کہنا تھا کہ بچوں کو آن لائن طریقے سے تعلیم دی جائےگی اور 24 دسمبر تک گھر سے تعلیم جاری رہے گی۔

بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 25 دسمبر سے 10 جنوری تک سردیوں کی چھٹیاں ہوں گی۔

شفقت محمود کا کہنا ہے کہ ایک ماہ اسکولوں کی بندش وفاقی حکومت نے دی ہے  ، اساتذہ اور بچوں کی صحت سب سے پہلے ہے اور صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ 11 جنوری کو تمام تعلیمی ادارے کھل جائیں گے۔

دوسری جانب  تمام صوبائی وزرائے تعلیم نے اس تجویز پر متفق ہوئے ہیں کہ اس سال امتحانات کے بنا کسی بچے کو پروموٹ نہیں کیا جائے گا اور بچوں کو پروموشن کے لئے امتحان دینا ضروری ہوگا جبکہ وفاق صوبوں کو آج سے تعلیمی اداروں کی مرحلہ وار بندش کی تجویز دے چکا ہے۔

واضح رہے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق پاکستان میں تعلیمی اداروں میں گزشتہ ایک ہفتے میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح سب سے زیادہ 82 فیصد رہی ہے۔