کورونا کی روک تھام کیلیے ٹیسٹنک کو یقنی بنایا جائے ،عدنان ریسوالی

102

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) اینٹی کرپشن اینٹی کرائم فورم ڈسٹرکٹ حیدر آباد کے جنرل سیکرٹری عدنان دیسوالی نے اپنے بیان میں کہا کہ حیدر آباد میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلتا جارہا ہے اس کی روک تھام اور بچاؤ کے لیے انتظامیہ کی جانب سے اقدامات انتہائی ناکافی ہیں، گورنمنٹ اسکولوں کے ساتھ ساتھ تمام پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں بھی ٹیسٹنگ کو یقینی بنایا جائے، شہریوں نے ماسک کے استعمال کی پابندی کو ہوا میں اڑا دیا ہے، بازاروں میں دکانداروں کی جانب سے بھی کوئی خاطر خواہ اقدامات نظر نہیں آرہے، رات دس بجے پولیس ایکشن کے بعد بھی کئی جگہوں پر دکانیں کھلی ہوئی نظر آتی ہیں اور بیشتر شادی ہالوں میں ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ بلدیہ اعلیٰ حیدر آباد جراثیم کش اسپرے کرنے سے تو قاصر ہیں، کم از کم شہر بھر میں سڑکوں پر پھیلی مٹی کو اٹھانے اور پانی کے چھڑکاؤ کے اقدامات کیے جائیں تاکہ شہر میں پھیلے گردو غبار میں کمی آسکے، بیشتر گلیاں گندگی کا ڈھیر بنی ہوئی ہیں جس کے باعث مختلف بیماریوں نے شہریوں کو اپنی آغوش میں لے لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایک بار پھر آپ کی کاوشوں کی اشد ضرورت ہے۔