نیو سبزی وفروٹ منڈی میں ترقیاتی کام جلد مکمل کیے جائیں، الطاف میمن

159

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد اونین، پٹاٹو اینڈ ویجیٹیبل ایجنٹس گروپ کے صدر الطاف میمن نے ڈویژنل کمشنر حیدر آباد عباس بلوچ، ڈپٹی کمشنر، ڈائریکٹر جنرل زراعت سندھ اور چیئرمین مارکیٹ کمیٹی حیدر آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ نیو سبزی وفروٹ منڈی ہالا ناکہ کے ترقیاتی کام جلد سے جلد مکمل کیے جائیں اور جن تاجروں کا ڈبل الائمنٹ کا مسئلہ ہے اور جو حقیقی الائٹیز ہیں ان کو فوی طور پر پلاٹ کے قبضے دیے جائیں۔ انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کے سابق آفیسر نے پروجیکٹ میں گھپلے کرکے کروڑوں روپے کمائے ہیں، ان کیخلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور 1996ء کے تمام الائٹیز کو پلاٹ دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ منڈی میں ایک روپے کا ترقیاتی کام نہیں ہوا ہے جبکہ مارکیٹ کمیٹی بڑے بڑے دعوے کررہی تھی کہ دو ماہ میں تمام کام مکمل کرلیے جائیں گے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر فوری طور پر ترقیاتی کام نہیں کیے تو مجبوراً سبزی وفروٹ منڈی کے آڑھتی بائی پاس روڈ پر اپنی دوسری مارکیٹ بناکر وہاں شفٹ ہوجائیں گے۔