سندھ پیرا ویٹرنری کا 27 نومبر سے احتجاج کااعلان

432

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ پیرا ویٹرنری اسٹاف ایسوسی ایشن نے ڈی جی لائیو اسٹاک کی مبینہ کرپشن، جبری تبادلوں کیخلاف 27 نومبر سے مرحلہ وار احتجاج کا اعلان کردیا، ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر عبدالغفار سومرو، عزیز اللہ کھوسو، عبدالرشید لغاری ودیگر نے حیدر آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک ڈاکٹر مظفر علی وگھیو نے محکمے میں کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ سیوا کے مرکزی اور ضلعی رہنمائوں کو بلیک میل کرکے ان کے تبادلوں کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گریڈ 19 کے آفیسر ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک کے عہدے پر تعینات ہے اور کرپشن کا بے تاج بادشاہ بنا بیٹھا ہے جبکہ اس سے سینئر افسران موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے 2014ء سے اسٹاک اسسٹنٹ اور دیگر اسٹاف کی 350 سٹیوں پر بھرتی کی منظوری کے باوجود مذکورہ نشستیں تاحال ڈی جی کی نااہلی کے باعث خالی پڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی کی کرپشن کیخلاف 27 نومبر سے سندھ کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز میں مرحلہ وار احتجاج شروع کیا جائے گا۔