معیشت کی بہتری کیلیے سرمایہ کاری جاری رکھیں گے‘وسیم خان

283

لاہور(جسارت نیوز)پی سی بی کے سربراہ سیم خان نے کہا ہے کہ کووڈ 19کے مشکل حالات میں اخراجات تو بڑھے ہیں لیکن یہ اخراجات نہیں ہیں، ملکی معیشت کی بہتری کے لیے سرمایہ کاری جاری رکھیں گے۔ان خیالات کاظہار انہوں نے جرنلسٹس کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں سے معیشت پر مثبت اثرات پڑتے ہیں، انڈر 19، فرسٹ کلاس اور زمبابوے کے خلاف سیریز اور پی ایس ایل کے میچز کا فائدہ ہوٹل انڈسٹری کو
ہوا، جہاں5 ہزار نوکریوں کو محفوظ بنایاگیا، فلائٹ اور ٹریول کی وجہ سے بھی متعلقہ شعبوں کو فائدہ ہوا۔ اب آگے پی ایس ایل 6 کے میچز آ رہے ہیں اور جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرنا ہے، ان شعبوں کو مزید فائدہ ہو گا، ہم ملکی معیشت میں اپنا حصہ ڈالتے رہیں گے، کھلاڑیوں اور میچز آفیشلز کو پیسے مل رہے ہیں، پیسہ کرکٹ سے ہی آ رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ کورونا کی وجہ سے اخراجات میں اضافہ ہوا ہے،2 ہزار سے زائد کووڈٹیسٹ ہو چکے ہیں، ہوٹلز میں قیام اور ہوائی سفر سب میں اخراجات بڑھے ہیں، ہم کرکٹ کی وجہ سے سرمایہ کاری کرتے رہیں گے کیونکہ اس سرمایہ کاری سے ملک کو فائدہ ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے لیے افغانستان کو اٹھانا اور اسے ترقی دینا بہت ضروری ہے، اب ہم اس دورے پر کام کریں گے، دونوں بورڈز مل کر اس حوالے ونڈو نکالنے کے لیے بات چیت کریں گے اور ہر ممکن کوشش ہو گی کہ اس سیریز کو ممکن بنایا جائے ۔