جماعت اسلامی سندھ کا اجلاس، صوبے میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ

206

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ پاکستان اس وقت نازک دور سے گزررہا ہے، موجودہ حکومت معاشی وسیاسی بحران، بیروری جارحیت اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے اقدامات میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے،حکومت اور اپوزیشن کے درمیان محاذ آرائی تشویشناک ہے، ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر ملک وملت کے مفادات اورعوامی مسائل کے حل کیلئے دونوں کو سر جوڑ کر بیٹھنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں نظم صوبہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔اجلاس میں سندھ کی سیاسی صورتحال، متوقع بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں،مہمات کی جائزہ رپورٹ سمیت دیگر تنظیمی امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی جنرل
سیکرٹری کاشف سعید شیخ، نائب امراء ،نائب قیمین ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ایک دعوتی، فکری وانقلابی جماعت ہے، یہ ملک قرآن وسنت کے نفاذ کیلئے قائم ہوا تھا ،ہماری تمام تر جدوجہد کا مرکز ومحور نمود ونمائش نہیں بلکہ صرف اللہ کی رضا ہونا چاہئے،تقویٰ،پرہیزگاری اور دینداری کو تمام کاموں پر فوقیت دی جائے تو تحریک کو تقویت اور دنیا وآخرت میں بھی کامیابی نصیب ہوگی۔