امریکی وزیر خارجہ کی طالبان اور افغان حکومت کے نمائندوں سے اہم ملاقاتیں

674

 

دوحا/ابوظبی(آئی این پی)امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے قطر میں امن مذاکرات کے لیے موجود کابل حکومت کے نمائندوں اور طالبان وفد سے علیحدہ علیحدہ اہم ملاقاتیں کیں اور بین الافغان مذاکرات کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مائیک پومپیو نے قطر کے حکمران امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور وزیر خارجہ محمد بن عبد الرحمن الثانی سے بھی ملاقات کی۔ متعدد ذرائع کا دعوی ہے کہ بظاہر ایسا لگتا ہے فریقین نے کچھ معاملات پر اتفاق کرلیا ہے لیکن اب بھی حکومت میں شراکت داری، سیکورٹی معاملات اور دیگر اہم نکات حل طلب ہیں جس کے باعث امریکی خارجہ کو مداخلت کرنا پڑی ہے۔علاوہ ازیں ابوظہبی میں عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پومپیو کا کہنا تھا کہ خطے کے ممالک
ایران کے مشترکہ خطرے کو جان گئے ، ایران کے حوالے سے امریکی پالیسی مسلمہ ہے، اس میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ امریکا نے مشرق وسطی کے حوالے سے اپنی اسٹرٹیجی میں ایران کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک اتحاد تشکیل دے رکھا ہے۔