ایف آئی اے میں مزید 2 ہزار بھرتیوں کا فیصلہ

353

اسلام آباد (آن لائن) ایف آئی اے میں 2000 سے زاید افسران اور اہلکاروں کی بھرتی کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ نئے افراد کو بھرتی کرنے کے لیے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور وزارت خزانہ نے باقاعدہ اجازت دے دی ہے ۔ یہ بھرتیاں ورچوئل یونیورسٹی کی وساطت سے کی جائے گی۔ بھرتی کے لیے باقاعدہ سوفٹ ویئر تیار کر لیا گیا ہے جس سے قابل اور اہل امیدوار بھرتی ہو سکیں گے ۔ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کرپشن ، بدیانتی اور قومی خزانہ کو لوٹنے
والوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے اور لوٹی گئی دولت واپس لانے کے لیے ایف آئی اے کو مزید بااثر ادارہ بنانے کے لیے مزید 2000 افراد بھرتی کرنے کی اجازت دے دی ہے ۔ گریڈ ایک سے لے کر 15 گریڈ تک بھرتیاں ورچوئل یونیورسٹی کی وساطت سے کی جائیں گی جبکہ گریڈ 16 اور گریڈ 17 کے افسران کی بھرتی ایف پی ایس کے ذریعے کی جائیں گی۔ ایف آئی اے میں 2000 سے زائد خالی آسامیاں پڑی ہیں جس کی وجہ سے کرپشن کے مقدمات کو حتمی نتیجہ تک پہنچانے کے لئے شدید مشکلات ہیں۔ وزیر اعظم نے کرپٹ لوگوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لئے ایف آئی اے کو بااثر ادارہ بنانے کے لئے تمام ممکنہ وسائل فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔