کابل میں دھماکے‘افغان فوجی گاڑی تباہ ‘4افسران زخمی

122

کابل (آئی این پی) افغانستان کے دارالحکومت میں ائرپورٹ کے نزدیک آرمی کی گاڑی کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا گیا جس کے نتیجے میں4 افسران شدید زخمی ہوگئے۔ افغان میڈیا کے مطابق دارالحکومت کابل مسلسل دوسرے روز بھی دھماکوں کی زد میں رہا۔
گزشتہ روز ہونے والے2 دھماکوں میں7 افراد زخمی ہوگئے جن میں4 فوجی افسران بھی شامل ہیں۔ پہلا دھماکا ائرپورٹ کے راستے پر ہوا جہاں افغان آرمی کی گاڑی کو بارودی سرنگ کے دھماکے میں نشانہ بنایا گیا، گاڑی میں موجود چاروں افسران شدید زخمی ہوگئے جن میں سے2 کی حالت نازک ہے۔ کابل میں دوسرا دھماکا صبح6 بجے ہوا، جس میں ایک شہری کی گاڑی کو مقناطیسی بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا گیا، کار میں موجود ڈرائیور حملے میں شدید زخمی ہوگیا جبکہ 2 راہگیروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کابل میں 2 دھماکوں کے بعد مختلف مقامات پر23 راکٹوں سے حملہ کیا گیا تھا جس میں8 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔