بیرون ملک کامیابی کیلیے گالفرز کی حوصلہ افزائی ناگزیرہے‘عارف علوی

180

اسلام آباد (جسارت نیوز)صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ گالف کے فروغ کے ساتھ بیرون ملک بہتر نمائندگی کے لیے گالفرز کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اوپن گالف چیمپئن شپ کی تقریب تقسیم انعامات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر مملکت نے چیمپئن شپ جیتنے والوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کھیل میں جیتنے
کی جستجو ٹیلنٹ کو آگے لے جانے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے۔پاکستان نے ماضی میں سہولیات اور وسائل کی کمی کے باوجود ورلڈ کلاس ہاکی اور سکواش کے کھلاڑی تیار کیے ۔ پاکستان میں تقریباً 15 ہزار گالفرز اور 48 گالف کورسز ہیں،جہاں بہتر سہولیات کے ذریعے اس کھیل کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ صدر نے بچوں اور خواتین کے لیے گالف کی سہولیات متعارف کرانے کو بھی سراہا ۔ انہوں نے لوگوں کو کووڈ 19 سے احتیاط برتنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اعداد و شمار اور گراف سے پتا چلتا ہے کہ کووڈ کی دوسری لہر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور یہ زیادہ خطرناک ہو سکتی ہے۔ لوگوں کو ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ کو برقرار رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ ماسک کے بغیر رش والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں اور ان حالات میں بزرگوں کا خاص خیال رکھا کریں۔