خواتین ارکانِ اسمبلی کو بھی ہراسانی کا سامنا ہے،نصرت سحر عباسی

280

کراچی (اسٹاف رپورٹر) خواتین ارکانِ اسمبلی کو بھی ہراسانی کا سامنا کرناپڑتاہے ،یہ بات رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی نے ویمن میڈیا سینٹر کے زیر اہتمام 5 روزہ تربیتی ورکشاپ کے سرٹیفکیٹ تقسیم کی تقریب سے بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس ورکشاپ کا موضوع ’’آزادیِ اظہارِ رائے کا تحفظ‘‘ تھا ۔ نصرت سحرعباسی نے مزید کہا کہ جب ارکانِ اسمبلی کی آواز دبائی جائیگی تو اس کا اثر براہِ راست عوام پر پڑے گا۔ اسمبلی کی نشست پر خواتین کے خطاب کو اہمیت نہیں دی جاتی اور کہا جاتا ہے کہ یہ تو عورت ہے۔تقریب میں ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کسی صحافی کی بات اگر سچ ثابت ہو تو خوب اچھالا جاتا ہے اور اگر غلط ثابت ہو تو خاموشی اختیار کرلیتے ہیں لیکن معافی نہیں مانگتے۔مہمانِ خصوصی نے تربیتی ورکشاپ میں شریک طالبات کو سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔