اچھے استادکے افکار طلبہ کی تاحیات رہنمائی کرتے ہیں،خالد عراقی

271

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرخالد محمود عراقی نے کہا کہ ایک استاد کبھی ریٹائر نہیں ہوتا کیونکہ استاد ہمیشہ استاد رہتاہے اور وہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی کسی نہ کسی طرح تدریس و تحقیق سے وابستہ رہتاہے۔ایک بہترین استاد اپنے طلبہ کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے ،وہ طلبہ کے ذہنوں میں اپنے افکار مرتسم کردیتا ہے جو تاحیات اس کی رہنمائی کرنے میں مددگارثابت ہوتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر شکیل الرحمن فاروقی کی تدریسی وتحقیقی خدمات کے اعتراف میں ان کے ریٹائرمنٹ کے موقع پر منعقد کیے گئے اکیڈمک ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی اپنے اکیڈمک کیریئر مکمل کرنے والے اساتذہ کے قیمتی علمی وتحقیقی تجربات سے طلبہ کو مستفیض اوررہنمائی کاپوراموقع فراہم کرتی ہے۔ڈاکٹر شکیل فاروقی شاعری بہت عمدہ کرتے ہیں اور اسٹاف کلب جامعہ کراچی میں مستقل ادبی نشستوں کے اہتمام کے ساتھ ساتھ بغیر کسی مطلب کے لوگوں کی مدد کرتے ہیں جو لائق تحسین اور قابل تقلید ہے۔تقریب کا اہتمام شعبہ جینیات جامعہ کراچی کی جانب سے شعبہ ہٰذا ہی میں کیا گیا تھا۔