اورنگی میں گیس کے میٹر چوری کیے جانے کا انکشاف

332

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) مومن آباد اورنگی ٹائون میں گیس میٹر چوری کے واقعات میں اضافہ۔ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ کباڑ میں سوئی گیس میٹروں کی فروخت کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ گزشتہ روز بھی مومن آباد تھانے کی حدود کشمیر ٹائون سیکٹر 4۔Dمکان نمبر575 میں رہائش پذیر جسارت کے کرائم رپورٹر محمد علی فاروق کے گھر کا رات گئے سوئی گیس کا میٹر اتار لیا گیا۔ میٹر چور رات گئے وارداتیں کرتے ہیں‘ گیس میٹر اور میٹر کی چابی چوری ہونے سے علاقے میں سنگین حادثات پیش آنے کا خطرہ ہے۔پولیس سے شکایت کرنے کے باوجود کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ جبکہ گیس کمپنی کوشکایت کاازالہ کرنے میں 48 گھنٹے درکار ہوتے ہیں اور وہ اتوار کے روز میٹر چوری کی شکایت بھی درج نہیں کرتی ۔ذرائع کے مطابق محکمے کے کچھ اہل کار مبینہ طور پر چوروں کے ساتھ ملے ہوئے ہیں اورمتاثرہ صارفین سے سرکاری فیس لے کر میٹر فراہم کر دیتے ہیں۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ اکثر وارداتیں رات کو ہوتی ہیں۔ صارفین نے حکام سے فوری طور پر میٹر چوری ہونے اور اس کے سدباب کے لیے موثر کارروائی کا مطالبہ کیاہے۔