کورونا سے مزید 59 ہلاک ، 2 ہزار نئے کیسز ، اسکول بندش پر آج غور ہوگا ، وفاقی وزیر تعلیم

260

 

اسلام آباد/لاہور ( آن لائن+صباح نیوز) پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر مزید شدت اختیار کر گئی ہے اور گزشتہ24گھنٹوں کے دوران 59 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد7ہزار 662 تک پہنچ گئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب جاری کیے گئے تازہ اعدادو شمار کے مطابق ملک میں کورونا کے 2 ہزار 665 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور متاثرہ افراد کی کل تعداد3لاکھ 74 ہزار 173 ہوگئی ہے۔پاکستان میں کورونا سے متاثر ہونے والے 3لاکھ 29 ہزار 828 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور 36ہزار 683 زیر علاج ہیں۔علاوہ ازیں چیئرمین این سی او سی اسد عمر نے کہا ہے کہ ملتان اور اسلام آباد میں کورونا وینٹی لیٹرز کے استعمال میں 70فیصد اضافہ ہوا ہے۔سیاسی رہنماؤں کے لیے پیغام ہے کہ کورونا خدشہ نہیں ، انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہگزشتہ 15روز میں پشاوراور ملتان میں 200فیصد، کراچی میں 148 فیصد ،لاہور میں 114فیصد اور اسلام آباد میں 65 فیصد تک وینٹی لیٹر پر
مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ادھر ن لیگ کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کا کورونا ٹیسٹ دوبارہ مثبت آگیا۔وہ شریف میڈیکل سٹی لاہور کے آئی سی یو میں زیرعلاج ہیں،ڈاکٹرز نے کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی ادویات جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔دوسری جانب وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت آج پیر کو تمام اکائیوں کے اجلاس میں تجویز پیش کرے گی کہ 25نومبرسے اسکول بند کر دیے جائیں۔ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تجویز ہے کہ کیمپس کے بجائے گھر پر پڑھائی شروع کی جائے،اساتذہ اسکول آئیں، بچے آن لائن پڑھیں اور جہاں آن لائن کا بندوبست نہیں وہاں بچے ایک دن اسکول آکر ہوم ورک لے جایا کریں۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزارت تعلیم اور ریڈیو پاکستان کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت ریڈیو کے ذریعے بچوں کی تعلیم کو فروغ دیا جائے گا۔شفقت محمود نے بتایا کہ ریڈیو اسکول کے تحت روزانہ 4 گھنٹے تعلیمی مواد نشر کیا جائے گا۔ریڈیو پاکستان پر تعلیمی مواد صبح 10 سے 12 بجے تک نشر کیا جائے گا جب کہ یہ پورے ہفتے دوپہر 2 سے 4 بچے رپیٹ بھی کیا جائے گا۔