اسپورٹس ایئر شو: ہوابازوں نے اپنی مہارت کے جوہر دکھائے

375

ریاض: سعودی فلائنگ کلب کے زیر اہتمام مدینہ منورہ میں اسپورٹس ایئر شو منعقد کیا گیا ہے  جس میں مختلف اقسام کے چھوٹے تربیتی  طیارے لائے گئے۔

تفصیلات کے مطابق اسپورٹس سوسائٹی کے اشتراک سے منعقد ہونے والا فلائنگ کلب کا یہ شو اپنی نوعیت کا پہلا شو تھا جس میں مملکت بھر سے نجی طیاروں کے مالکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ ایئر شو کے انعقاد کےلیے مدینہ منورہ ترقیاتی کمیٹی کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔

ایئر شو میں شریک ہوابازوں نے مختلف نوعیت کے چھوٹے طیاروں کے ذریعے ہوابازی میں اپنی مہارت کے جوہر دکھائے اور حاضرین سے داد وصول کی جبکہ ایئر شو کا مقصد لوگوں کو نجی ہوا بازی کے حوالے سے اہم معلومات مہیا کرنے کے علاوہ اس جانب انہیں راغب کرنا بھی تھا تاکہ اس قسم کے مفید کھیل کو فروغ دیتے ہوئے لوگوں میں مثبت مقابلہ بازی کی فضا پیدا کی جائے۔

واضح رہے سعودی فلائنگ کلب ملکی سطح پر پہلا رجسٹرڈ کلب ہے جو باقاعدہ طور پر لوگوں کو ہوا بازی کی تربیت فراہم کرتا ہے جبکہ کلب میں مختلف اقسام کے چھوٹے طیارے ہیں جن کے ذریعے لوگوں کو ہوا بازی کی عملی تربیت دی جاتی ہے۔