فائرنگ سے شہری کی ہلاکت ‘ اے ایس آئی طارق کوپھانسی کاحکم

155

کراچی(نمائندہ جسارت)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہری مقصود کے کیس کا فیصلہ سنا دیا،عدالت نے جرم ثابت ہونے پر سابق اے ایس آئی طارق کو سزائے موت سنادی جبکہ 3 اہلکاروں کو عد م ثبوت کی بنا پر بری کردیا۔ہفتے کو خصوصی عدالت نے پو لیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہری مقصود کے کیس کا محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔عدالت نے مجرم طارق کو سزائے موت اور 2 لاکھ روپے ہرجانہ شہری مقصود کے اہل خانہ کو اداکرنے کا حکم دیا جبکہ رقم کی عدم ادائیگی پر مزید 6ماہ کی سزا بھگتنا ہوگی۔فاضل عدالت نے مقدمے میں3 اہلکاروں کو عد م ثبوت کی بنا پر بری کردیا ‘ اور مقدمے میں مفرور ملزم عاشق حسین چاچڑ کے تاحیات وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ عدالت کا اپنے حکمنامے میں کہنا تھا کہ 18 فروری 2018ء کو مجرم نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ رکشہ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں رکشہ میں سوار مقصود جاں بحق جبکہ اس کا دوست زخمی ہوا تھا اور پولیس نے واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دیا۔