سندھ بھر میں لاکھوں بچے تعلیم کے زیور سے محروم ہیں، عمران بھنڈ

129

دادو (نمائندہ جسارت) بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے پوری دنیا کی طرح دادو میں بھی لیگل رائٹس فورم، چائلڈ رائٹس موومنٹ سندھ اور سی آر سی دادو کی کال پر بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے رہنماؤں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور طلبہ نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا کر سی آر سی کے دفتر سے دادو پریس کلب تک ریلی نکالی۔ اس موقع پر عمران بھنڈ، پ ٹ الف کے صدر عنایت جمالی، پروفیسر محمد عرفان، نیاز چانڈیو، ساجد مستوئی، راجا رفیق پنہور اور دیگر نے کہا کہ پوری دنیا میں بیس نومبر کو بچوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ پاکستان میں بچوں سے جنسی زیادتیاں اور قتل کے واقعات آئے روز بڑھتے جارہے ہیں۔ سندھ بھر میں لاکھوں بچے تعلیم کے زیور سے محروم کیے گئے ہیں۔ سندھ کے اسکول محمکہ تعلیم کی نااہلی اور کرپشن کے باعث یا خستہ حال یا پھر اسکول بھینسوں کے باڑے بن گئے ہیں۔ پاکستان سمیت سندھ بھر میں کم عمر کی شادیوں پر پابندی کے باوجود کم عمر کی شادیاں رک نہیں سکی ہیں اور آئے روز کم عمر جوڑوں کی شادیاں رپورٹ ہورہی ہیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی کے تحت سندھ کے اضلاع میں یونٹ قائم کیے جائیں۔